۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ ساجد نقوی

حوزہ/ بانی انقلاب اسلامی ایران کی33 ویں برسی کی مناسبت سے قائد ملت جعفریہ پاکستان نے اپنے پیغام میں حضرت امام خمینی (رح) کو مسلمانوں کے درمیان اپنے نظریات اور عمل کے ذریعے وحدت کی لڑی میں پرونے والی شخصیت قرار دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بانی انقلاب اسلام حضرت امام خمینی کی 33 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی امام خمینی اعلی مرتبہ فقیہ ، مجتہد اعظم اور بلند پایا شخصیت ہی نہیں بلکہ قابل تقلید سیاسی قائد ، مثبت اور تعمیری سیاست کے بانی ، عالمی استعماری سازشوں کو بے نقاب کرنے والے ، مسلمانوں کو اپنے نظریات اور عمل کے ذریعے وحدت کی لڑی میں پرونے والے ، عالم اسلام کو اس کے حقیقی مسائل کی طرف متوجہ کرنے والے ، امت مسلمہ کو اس کے داخلی اور خارجی دشمنوں کے چہروں کی شناخت کرانے والے اور دنیا کو اسلام کے دائرے میں رہتے ہوئے ہرمیدان میں ارتقاء کے مراحل طے کرنے کی مثال پیش کرنے والے عظیم المرتبت انسان تھے۔

علامہ ساجد نقوی کے مطابق،امام خمینی نے طویل جلاوطنی کے باوجود ایران کے عوام کی تربیت اور رہنمائی اس انداز سے کی کہ وہ پرامن اور شعوری تحریک کے ذریعے کامیاب ہوئے اور ساری دنیا کو اس طور منور کیا کہ طاغوت کے نمائندگان کی پھلائی ہوئی ظلمتیں سمٹ کر رہ گئیں۔ امام خمینی نے عالمی صہیونیت ، سامراج کے ظلم و استحصال اور جبر و استبداد کے ہاتھوں ستائی ہوئی مظلوم انسانیت کو ذلت و بے بسی کی پستیوں سے نکال کر شرف انسانیت سے ہمکنار کرنے بھرپور جد و جہد کی۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ امام خمینی اسلام اور مسلمین کی سربلندی کے لئے عالمی کفر اور اس کے گماشتوں سے نبردآزما رہے اور انکا ماننا تھا عالم اسلام کی آزادی و نجات امت مسلمہ کے اتحاد میں مضمر ہے لہٰذا وحدت اسلامی کے لئے ان کے حیات آفرین پیغامات اپنے مکمل اثرات کے ساتھ جسد اسلامی میں جذب ہوچکے ہیں۔ علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ سوویت یونین کے آخری سربراہ کو دعوت اسلام پر مبنی خط اور شاتم رسول اکرم کے خلاف تاریخی فتوی ناقابل فراموش اقدامات ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مظلوم فلسظینی مسلمانوں سمیت عالم اسلام پر ہونے والے مظالم پر دنیائے اسلام کو بیدار اور متوجہ کرنا امام خمینی کا ہی خاصا تھا جبکہ امام خمینی نے علم شعور اور عمل و کردار کے ذریعے مسلمانوں کی صحیح خطوط پر رہنمائی کرکے پیغمبرانہ فریضہ انجام دیا اور عوام کو اسلامی انقلاب کے ذریعہ اسلام کی صحیح اور آئیڈیل تصویر دکھائی جس کے اثرات آج بھی عالم اسلام میں بالعموم اور مملکت ایران پر بالخصوص نظر آتے ہیں یہی وجہ ہے کہ اس وقت بھی عالمی استعمار کے خلاف صف اول میں اسلامی جمہوریہ ایران ہی موجود ہے اور حاج قاسم سلیمانی جیسے قابل،ذہین و فطین اور امت مسلمہ کی سرمایہ شخصیت کی قربانی جاری ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .